راولپنڈی(سٹی رپورٹر)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینیجمنٹ ایسوسی ایشن ایپسما تحصیل راولپنڈی کے عہدیداران نے پاکستان کے یومِ آزادی کے حوالے سے اپنے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔
اس موقع پر تحصیل صدر ایپسما عدنان نثار، جنرل سیکرٹری راجہ نعمان، شاہد یوسف اور طارق محمود نے جشنِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے قومی ہیروز اور ان تمام بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، قیامِ پاکستان کے مقاصد اور آزادی کی قدر و قیمت سے آگاہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو جشنِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی ترغیب دیں اور انہیں یہ پیغام دیں کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ایمانداری، محنت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ ہی حقیقی معنوں میں وطن سے محبت ہے۔
عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل کو ایک مضبوط، تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور محبِ وطن پاکستانی بنانے کے لیے تعلیمی ادارے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔





