معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے والے نوجوان کل کی بجائے آج ہی سرگرمیوں کاآغاز کریں،ای ڈی شفا فاؤنڈیشن ڈاکٹر عبدالوہاب
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) شفا فاؤنڈیشن کے فلیگ شپ، یوتھ انٹرن شپ پروگرام ”نور آف ٹومارو“ کے تیسرے مرحلے کی چار روزہ تربیتی سرگرمیاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔
چار روزہ تربیتی پروگرام میں جڑواں شہروں کی جامعات و کالجز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔پروگرام کے شرکاء کو عملی زندگی کی مہارتوں، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری، ذہنی صحت سے متعلق آگاہی، ڈیجیٹل اور سائبر سیکورٹی، ابلاغ، ٹیم ورک، پیشہ ورانہ رویوں اور شہری ذمہ داریوں سمیت ایسی اہم مہارتیں فراہم کی گئیں جو تعلیمی کامیابی، روزگار اور معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔تربیتی سیشنز، پریکٹیکلز اور گروپ سرگرمیوں کے ذریعے شرکاء کی ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا، جبکہ انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد، سی پی آر، فائر سیفٹی اور قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں سے متعلق عملی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔
پروگرام میں ذہنی صحت اور فلاح و بہبود، ذہنی دباؤ سے نمٹنے، ثابت قدمی اور دوسروں کے احساسات کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل خواندگی اور سائبر سیکورٹی پر بھی توجہ دی گئی۔ شرکاء کو آن لائن تحفظ، نجی معلومات کی حفاظت، مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال، کام کی جگہ کے اخلاقی اصولوں اور پیشہ ورانہ پروفائل کی تیاری سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔نوجوانوں نے صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، ترقیاتی امور کے ماہرین، تربیت کاروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے ساتھ بھی بھرپور انداز میں تبادلہ خیال کیا، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہیں رضاکارانہ سرگرمیوں، سماجی اقدامات اور کمیونٹی سروس میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب ملی۔
پروگرام کی خاص بات اس کا بین الاقوامی یوتھ ڈے 2026ء کے موقع پر انعقاد تھا۔پروگرام میں صحت مند، محفوظ، جامع اور پائیدار معاشرے کی تعمیر میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ شفا فاؤنڈیشن نے نوجوانوں کی قیادت میں شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیاجس کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور سرسبز پاکستان کے وژن کو فروغ دینا ہے۔
شفا فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوہاب نے اپنی نوعیت کے اس منفرد انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلباء کے لیے منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”نوجوانوں کو مثبت تبدیلی لانے کے لیے مستقبل کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ آج ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کا آغاز کرسکتے ہیں۔“
شفا فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر پروگرامز شیخ یونس نے اختتامی کلمات میں پروگرام میں شریک طلبہ کے جوش، جذبے اور عزم کو سراہا تے ہوئے تربیت کاروں، معاونین، رضاکاروں، منتظمین اور تمام معاون ٹیموں کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔
شفا فاؤنڈیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، صحت و تحفظ سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے، رضاکارانہ سرگرمیوں اور کمیونٹی سروس کی حوصلہ افزائی کرنے اور ایسے ذمہ دار شہری تیار کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی جو ایک صحت مند، محفوظ اور سرسبز پاکستان کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔





