جاپان میں 79 ویں یوم آزادی کی شاندار تقریب، 350 سے زائد پاکستانیوں کی شرکت

 

او پی ایف جاپان کے ایڈوائزر اسد نواز خان کی میزبانی، ڈپٹی چیف آف مشن حسنین حیدر مہمان خصوصی، شیخ قیصر محمود کی زیرصدارت پرچم کشائی، پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی

جاپان(بیورو رپورٹ) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن جاپان کے زیر اہتمام او پی ایف جاپان کے ایڈوائزر اسد نواز خان کے ڈیرے پر 79 ویں یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں عظیم الشان قومی تقریب منعقد ہوئی، جس میں جاپان کے مختلف علاقوں میں مقیم 350 سے زائد پاکستانیوں نے شرکت کی، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور دیگر شعبوں کی معروف شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں سفارتخانہ پاکستان ٹوکیو کے ڈپٹی چیف آف مشن حسنین حیدر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود نے صدارت کی، مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور محمد اعوان اور اعجاز خان بھی مہمانان خصوصی میں شامل تھے۔

تقریب کا اہم ترین مرحلہ پرچم کشائی تھا، شیخ قیصر محمود نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا تو شرکاء نے ’’پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے، جس سے چیبا اور ٹوکیو کی فضا گونج اٹھی۔

تقریب کی نظامت او پی ایف ایڈوائزری کونسل جاپان کے رکن سکندر علی پسیہ نے انجام دی جبکہ ڈپٹی چیف آف مشن حسنین حیدر، شیخ قیصر محمود، ملک نور محمد اعوان، او پی ایف جاپان کے میڈیا ایڈوائزر الحاج فواد احمد مشتاق، ایڈوائزری کونسل کے رکن سید سلیم شاہ، چیئرمین اہل بیت فاؤنڈیشن جاپان اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

میزبان اسد نواز خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کے غیر رسمی سفیر کی حیثیت سے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان سے پیار کرو اور پاکستان کی تعمیر کرو، پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد۔‘‘

جشن آزادی کے موقع پر 79 ویں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں جاپان میں پاکستانی میلہ سجانے والے بانی راشد خان المعروف ’’ماموں‘‘ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، مقررین نے کہا کہ راشد خان مرحوم نے جاپان میں پاکستانی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

میاں رمضان صدیق، شاکر نواب اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے راشد خان مرحوم کی وفات کے بعد گزشتہ تقریباً 9 برس سے پاکستانی میلے کی روایت کو برقرار رکھا، میلے میں پاکستانی ثقافت، روایتی کھانوں، پاکستانی آموں، صوفیانہ کلام، قوالی، علاقائی لباس اور شادی بیاہ کی روایات سمیت مختلف ثقافتی رنگ اجاگر کیے جاتے ہیں۔

او پی ایف جاپان کی جانب سے میاں رمضان صدیق، شاکر نواب اور ان کی ٹیم کو جاپان میں پاکستانی ثقافت اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے اعتراف میں شیلڈز اور اعزازات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر تقریب کے صدر شیخ قیصر محمود، مہمان خصوصی حسنین حیدر، ملک نور محمد اعوان اور میزبان اسد نواز خان کو الحاج فواد احمد مشتاق، ساچو عبدالحمید، مہر محمد اکرم، محمد ممتاز خان اور دیگر ساتھیوں کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

شرکاء نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور وطن کی سلامتی و ترقی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی اور اس عہد کا اظہار کیا کہ بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔