سابقہ دشمنی پر شہری کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے 4 ملزمان گرفتار

 

جاتلی پولیس کی کارروائی، ملزمان اپریل سے پولیس کو مطلوب تھے، چار ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکے، ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا، ایس پی صدر انعم شیر

راولپنڈی(صنوبر کیانی)جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے شہری کو قتل کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان رواں سال اپریل سے پولیس کو مطلوب تھے۔

جاتلی پولیس نے ٹیکنیکل اور انسانی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں ملوث ملزمان کے چار ساتھیوں کو اس سے قبل گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا، شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مقدمے کی تفتیش میرٹ اور شواہد کی بنیاد پر جاری ہے جبکہ دیگر قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔