12 ربیع الاول، فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، انعم شیر

 

ایس پی صدر کی میٹنگ، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، امن کمیٹی اور مرکزی میلاد کمیٹی کے منتظمین کی شرکت

راولپنڈی(صنوبر کیانی)ایس پی صدر انعم شیر نے 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا، جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، امن کمیٹی، کنٹونمنٹ بورڈ اور مرکزی میلاد کمیٹی کے منتظمین و ممبران نے شرکت کی۔

ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، جلوس میں داخلے کے لیے صرف مختص داخلی راستوں سے ہی اجازت ہوگی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس اور سٹیجوں کے لیے جاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ امن و امان، سکیورٹی اور شہریوں کی سہولت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

انعم شیر کا کہنا تھا کہ امن، تحمل اور برداشت ہماری مذہبی روایات ہیں، تمام متعلقہ ادارے اور منتظمین سکیورٹی انتظامات میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

میٹنگ کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔