مرحبا چوک اور مال روڈ پر غیر منظم بائیک سروس، شہری و سیاح مشکلات کا شکار

 

مری (ڈسٹرکٹ رپورٹر)مرحبا چوک اور مری مال روڈ پر غیر مقامی افراد کی جانب سے غیر منظم انداز میں موٹر سائیکل سروس فراہم کیے جانے کے باعث شہریوں اور سیاحوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹر سائیکلوں کی بڑی تعداد سڑک کے کناروں اور گزرگاہوں پر بے ترتیب کھڑی ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق متعدد موٹر سائیکلوں پر نمبر پلیٹیں موجود نہیں، جبکہ بعض موٹر سائیکلوں کی فٹنس اور دیگر ضروری دستاویزات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اسی طرح بعض موٹر سائیکل سواروں کے پاس مبینہ طور پر ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود نہیں، جس کے باعث شہریوں نے اس سروس کے قانونی اور حفاظتی پہلوؤں کی مکمل جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔خصوصاً مرحبا چوک سے دلکشا والی کی طرف جانے والے شہریوں اور سیاحوں کو راستے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مری جیسے پاکستان کے اہم اور معروف سیاحتی مقام پر غیر منظم انداز میں ایسی سروسز کا جاری رہنا عوامی سہولیات اور ٹریفک نظم و ضبط کے حوالے سے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔شہریوں نے متعلقہ محکموں، خصوصاً ٹریفک پولیس، سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کے تمام ضروری کاغذات، نمبر پلیٹس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور ڈرائیونگ لائسنس چیک کیے جائیں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔عوام نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر موٹر سائیکل سروس کی اجازت ہے تو انتظامیہ باقاعدہ طور پر ایک مخصوص جگہ مختص کرے جہاں یہ موٹر سائیکلیں کھڑی کی جا سکیں، تاکہ مرحبا چوک، مال روڈ اور دیگر مصروف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں و سیاحوں کو آمدورفت میں آسانی فراہم کی جا سکے۔