اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
*عید میلاد النبی ﷺ محبت، امن اور اخوت کا پیغام ہے، چوہدری انعام ظفر*
عوام پاکستان کے مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت، امن، رواداری اور اخوت کا پیغام ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اور اس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں حقیقی مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
عوام پاکستان کے مرکزی نائب صدر چوہدری انعام ظفر نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ منانے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، اپنے کردار و اخلاق کو سنواریں اور معاشرے میں محبت، برداشت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دیں۔ آپ ﷺ نے عدل، مساوات، حسنِ سلوک اور حقوق العباد کی پاسداری کا درس دیا، جس پر عمل آج کے دور کی اہم ضرورت ہے۔چوہدری انعام ظفر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل اور معاشرتی انتشار کے خاتمے کے لیے ہمیں سیرتِ رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہوگا۔ نبی کریم ﷺ سے حقیقی محبت کا تقاضا صرف اظہارِ عقیدت نہیں بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں عملی طور پر اپنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم کمزور اور مستحق طبقات کی مدد کریں گے، دکھی انسانیت کا سہارا بنیں گے اور معاشرے میں امن و محبت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔چوہدری انعام ظفر نے اہلِ اسلام کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کو امن، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے اور ہمیں سیرتِ طیبہ پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





