سی ڈی اے مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کا اجلاس،12ربیع الاول کے جلوس میں بھرپور شرکت کا فیصلہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کی مشاورتی کونسل کا اہم اجلاس صدراورنگزیب خان کی زیر صدارت مرکزی چیئرمین آفس میں منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، حاجی صابر، ملک عاصم، اظہار عباسی، سردار نسیم ممتاز،چوہدری واجد گجر،سردارمحمدآصف، اسد محمود، چوہدری شاہد اقبال، چوہدری انور، چوہدری صغیر، صفدر عباسی، زاہد حسین بھٹی، وارث دلیپ، طارق آفریدی، ایاز عباسی، سردار اخلاق، سید ظفر شاہ، ساجد رشید، راجہ شکیب، سید ارشاد شاہ سمیت دیگر عہدیداران اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی امور، ملازمین کے مسائل، آئندہ کے لائحہ عمل اور 12 ربیع الاول کی مناسبت سے منعقد ہونے والے میلادِ مصطفیؐ کے جلوس کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کا جلوس بروز بدھ صبح 9 بجے چوہدری محمد یٰسین کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران اور ملازمین بھرپور شرکت کریں گے۔ جلوس کے شرکاء وہاں سے اجتماعی طور پر مرکزی جلوس میں شرکت کریں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سی ڈی اے مزدور یونین کو یہ اعزاز بخشا ہے کہ ہم ہر سال میلادِ مصطفیؐ انتہائی عقیدت، جوش اور جذبے کے ساتھ مناتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت اور تاریخی دن ہے اس لیے تمام ملازمین اس بابرکت موقع پر بھرپور شرکت کریں اور حضور اکرمؐ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کریں۔چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ملازمین کے تمام بنیادی اور اہم مطالبات کو چارٹر آف ڈیمانڈ کی شکل میں مرتب کر لیا ہے اور اب ملازمین کی مشاورت سے اس چارٹر آف ڈیمانڈ کو سی ڈی اے انتظامیہ کے سامنے پیش کیا جائے گا جس کے بعد مطالبات پر باقاعدہ ورکنگ شروع کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ مزدوریونین کی اولین ترجیح ملازمین کے حقوق کا تحفظ، ان کے مسائل کا حل ہے۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین سینی ٹیشن، انوائرمنٹ اور واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹس کی ممکنہ نجکاری کے حوالے سے مکمل طور پرآگاہ ہے اورادارے میں کچھ افسران سی ڈی اے کو کمزور کرنے اوراسکا کردار کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ادارے کی تقریباً 2600 مختلف آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ سی ڈی اے میں پہلے ہی 7 ہزار سے زائد افرادی قوت کی کمی ہے جس کے باعث ملازمین پر کام کا بوجھ بڑھ رہا ہے اور شہری خدمات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے ایک قومی ادارہ ہے جسے محنت کشوں نے اپنی شب و روز کی محنت اور قربانیوں سے مضبوط بنایا ہے۔ ادارے کے بنیادی شعبہ جات کو کسی بھی صورت کمزور یا ختم نہیں ہونے دیا جائے گااس سلسلے میں مزدور یونین ملازمین کے حقوق اور قومی ادارے کے تحفظ کے لیے قانونی، جمہوری اور اپنی عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔





