*جامع مسجد شیخ محمد امین میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سمیت ممتاز شخصیات کی شرکت

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)
جامع مسجد شیخ محمد امین، خیابانِ سرسید اعوان مارکیٹ میں محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سید فیصل ریاض حسین شاہ نے کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان علامہ حافظ شیخ محمد قاسم نے نگرانی کی۔محفل میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، مفتی انتخاب احمد نوری، سید نعمان ریاض حسین شاہ، مفتی محمد اقبال رضوی، ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ، سید بشیر حسین شاہ، سید مظہر سجاد گیلانی، امن کمیٹی کے ارکان، تاجر برادری اور سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ ہمارے لیے محبت، عقیدت اور رہنمائی کا مرکز ہیں۔ انہوں نے غازی علم دین شہید کی عشقِ رسول ﷺ اور ناموسِ رسالت کے لیے عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان کی زندگی اور جدوجہد کا مطالعہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کا تقاضا ہے کہ ہم دوسروں کے عیوب پر پردہ ڈالیں، سنی سنائی بات کی تحقیق کیے بغیر اسے آگے نہ پھیلائیں، خواتین کا احترام کریں اور بلاامتیاز انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔علامہ شیخ محمد قاسم نے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل، اخلاق و کردار کی اصلاح، برداشت، عفو و درگزر اور خدمتِ خلق کو فروغ دینا ہے۔ مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ محفلِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ حضور اکرم ﷺ سے ہمارے ایمانی و روحانی تعلق کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سرکاری سطح پر بھی میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔محفل سے مفتی محمد اقبال رضوی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے عشقِ رسول ﷺ کے حقیقی تقاضوں پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ محبتِ رسول ﷺ کو عملی زندگی میں اخلاق، برداشت، عفو و درگزر اور خدمتِ خلق کے ذریعے اجاگر کیا جائے۔اختتام پر سید فیصل ریاض حسین شاہ نے ملک و قوم کی سلامتی، استحکام و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔