سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے معاہدے کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کو حج پر بھیجوانے کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب۔
اگلے سال حج پر جانے والے ملازمین کی تعداد70سے بڑھا کر80کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے معاہدے کے مطابق سی ڈی اے ملازمین کو حج پر بھیجوانے کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب چیئرمین آفس سی ڈی اے میں منعقد ہوئی جس میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنرلیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف،ممبرایڈمنسٹریشن اسفندیاربلوچ،ممبرانوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی،ممبراسٹیٹ محمد زمان وٹو،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان،سرپرست اعلیٰ حاجی صابر،اظہر خان تنولی،ملک عاصم،اظہارعباسی،چوہدری واجد گجر،ڈائریکٹر لیبرریلیشن آصف علی خان،ڈائریکٹرآئی ٹی شہزاد ملک سمیت سی ڈی اے افسران و ملازمین نے کثیرتعداد میں شرکت کی،اس موقع پر سی ڈی اے کے سکیل نمبر01سے 17تک (نان گزیٹیڈ)8994ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جس کے مطابق سی ڈی اے کے63مردجبکہ 7خواتین بمعہ محرم اس سال انشاء اللہ حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے قرعہ اندازی میں کامیاب تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ جن خوش نصیب ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں آئے ہیں وہ بلاشبہ اللہ کے مہمان اور پسندیدہ لوگ ہیں ان سے درخواست کرتاہوں کہ وہ جہاں اپنی بخشش کے لئے دعا کریں گے وہاں ملک،ادارے کی تعمیر وترقی کے لیے بھی خصوصی دعاکریں کہ اللہ تعالی ارض پاکستان کو تمام مصیبتوں اور آفتوں سے بچائے اور اس ملک کو امن و سکون کا گہوارہ بنائے،اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اس دفعہ حج پر جانے والے ملازمین کی تعداد70سے بڑھاکر80 کرنے کا اعلان کیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام ملازمین ادارے کا اثاثہ ہیں جن کی بدولت اسلام آباد کا شمار دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے،انھوں نے کہا کہ وہ ملازمین کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور سی بی اے کے ساتھ مل کر تمام مسائل کو حل کریں گے،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے قرعہ اندازی میں کامیاب تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ آج سی ڈی اے ملازمین کے لیے بڑابابرکت دن ہے او رہر سال کی طرح اس سال بھی سی ڈی اے مزدور یونین کے معاہدے کے مطابق ملازمین کی قرعہ اندازی کی گئی جس میں 70ملازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے اور میں پچھلے سال کی طرح اس باربھی دس ملازمین کے اضافے پر چیئرمین سی ڈی اے اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتا ہوں،سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح وبہبوداور انکی بلاتفریق خدمت ہے،اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مزدوروں کی خدمت کے جذبے کو اسی طرح جاری رکھے گی اور جلد ہی مزدوروں کے باقی ماندہ تمام مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔





