محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

 

پاک امریکا دوطرفہ تعاون بڑھانے، پولیس افسران کے باہمی تربیتی پروگرامز، منظم جرائم، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون پر اتفاق

اسلام آباد(اظہار خان نیازی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ پولیس افسران کے باہمی پروگرامز اور تربیتی سرگرمیوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے منظم جرائم، منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے فیلڈ مارشل کے مثبت سفارتی کردار کو سراہا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔