صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، وزیر خزانہ

سیفی ہسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو عالمی معیار کی امراضِ قلب کی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، محمد اورنگزیب

کراچی (بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی میں سیفی ہسپتال کے نئے کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے، سیفی ہسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراض قلب کی طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، نئے کارڈیک ونگ میں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی اور طبی سہولیات موجود ہیں، ہسپتال صرف عمارت اور طبی آلات کا نام نہیں بلکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی اصل فرق پیدا کرتی ہے، معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظام صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار اہم ہے، کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبہ صحت کے لیے ایک اہم ماڈل ہے۔ وزیر خزانہ نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابل تحسین ہیں، صحت کو محض سماجی اخراجات کے بجائے پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے یعنی عوام میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے، صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے، انسانیت کی خدمت اور اجتماعی کاوشوں پر مبنی اقدامات معاشرے پر دیرپا اثرات مرتب کرسکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، ہسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سیفی ہسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکزِ امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرے گا۔