اسلام آباد(نیوز رپورٹر)ممتازاقبال شناس، ادیب، ماہرِ تعلیم اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارۂ فروغ قومی زبان ڈاکٹر راشد حمید کی علمی و تدریسی خدمات کا ایک اور اہم سنگِ میل سامنے آیا ہے۔ ان کی پنجاب ٹیکسٹ بُک بورڈ کے زیر اہتمام تحریر کردہ نصابی کتب میں اب میٹرک اور انٹرمیڈیٹ جماعتوں کی مطالعۂ پاکستان کی اردو کتب کے ساتھ ان کے انگریزی تراجم بھی شائع ہو گئے ہیں، اس سے پہلے ۤٹھویں جماعت کے لیے اُن کی تاریخ کی کتاب 2022ء سے رائج ہے۔ نصاب کے ضمن میں ان کی شائع شدہ کتب کی تعداداب پانچ ہو گئی ہے۔ڈاکٹر راشد حمید نے تقریباً دو دہائیاں قبل گورنمنٹ کالج مری اور ٹیکسلا میں تاریخ کے استاد کی حیثیت سے تدریسی خدمات کا آغاز کیا۔ اسی دوران وہ روزنامہ نوائے وقت کے ادبی صفحے کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہے۔ بعد ازاں مقتدرہ قومی زبان ،اکادمی ادبیات پاکستان ، اُردو سائنس بورڈ اور اُردو لغت بورڈجیسے اہم قومی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ڈاکٹر راشد حمید کی پرنسپل رائٹر کے طور پر آٹھویں جماعت کی تاریخ کی کتاب انگریزی زبان میں 2022ء میں شائع ہوئی تھی۔ اب 2026ء میں دسویں جماعت کی مطالعۂ پاکستان کی اردو کتاب اور بارہویں جماعت کی مطالعۂ پاکستان کی اردو کتاب شائع ہو چکی ہیں، جبکہ انہیں دونوں کتابوں کے انگریزی تراجم بھی منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔ جو ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں کا قابلِ تحسین اعتراف ہے۔اس کے علاوہ ایچ ای سی کے ایم ایس اور ایم فل اُردو کی نصاب ساز مجلس کے رکن بھی رہے ہیں۔یہ امر نہ صرف ڈاکٹر راشد حمید کی علمی و ادبی صلاحیتوں کا مظہر ہے بلکہ تاریخ اور مطالعۂ پاکستان جیسے اہم مضامین کے لیے معیاری نصابی مواد کی تیاری میں ان کی گراں قدر خدمات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔اس موقع پر ادارۂ فروغ قومی زبان کے رفقائے کار ان کی اس علمی کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر راشد حمید کو بہت بہت مبارک باد پیش کرتے اور ان کے لیے مزید علمی و ادبی کامیابیوں اور عزت و توقیر کی دعا کرتے ہیں۔





