اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار

2 کارروائیوں میں 27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 24 کلو 570 گرام منشیات برآمد، پشاور ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے آئس پکڑی گئی

راولپنڈی/پشاور (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے 27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 24 کلو 570 گرام منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 970 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری کارروائی راولپنڈی میں بس ٹرمینل کے قریب کی گئی جہاں ایک گاڑی سے 13 کلو 200 گرام چرس، 8 کلو 400 گرام افیون اور 2 کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے بعد گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔