باجوڑ (عبدالغفار خان/ بی بی سی رپورٹ)
باجوڑ پریمیئر لیگ کے حوالے سے لعلی شاہ پختون یار نے باجوڑ پریمئر لیگ افتتاحی تقریب کے دوران اپنے اخباری بیان میں کہا ہے کہ نشے اور کرائم سے پاک پُرامن باجوڑ میرا خواب ہے۔ باجوڑ پریمیئر لیگ کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ باجوڑ کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کی جانب راغب کیا جائے تاکہ وہ نشے، جرائم اور دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو صحت مند، باصلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ باجوڑ کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور علاقے میں امن، بھائی چارے اور مثبت سوچ کو فروغ دیا جائے۔
لعلی شاہ پختون یاد نے کہا کہ ہمارا خواب ایسا باجوڑ ہے جہاں کوئی نوجوان نشے کا شکار نہ ہو، کوئی کرائم کی طرف نہ جائے اور نوجوان تعلیم، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ پریمیئر لیگ صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں بلکہ نوجوان نسل کو محفوظ، صحت مند اور پُرامن مستقبل دینے کی ایک کوشش ہے۔ ہم سب کو مل کر باجوڑ کو نشے اور جرائم سے پاک، پُرامن اور کھیلوں کے حوالے سے ایک مثالی ضلع بنانا ہوگا۔





