پنجاب کے 4 صوبے بننے چاہئیں، چھوٹے صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہوں گے، بھارت جو کام نہ کرسکا عمران نے کردیا، نوجوانوں میں فوج کیخلاف نفرت پیدا ہوگئی
راولپنڈی(تحصیل رپورٹر) حاجی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ہونی چاہیے، پنجاب کے چار صوبے بنانا ہوں گے، چھوٹے صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام سرور خان نے کہا کہ بھارت جو کام نہ کرسکا، عمران خان نے وہ کام کردیا، نوجوان نسل میں فوج کے خلاف نفرت پیدا کی گئی، ملک سے باہر بیٹھے یوٹیوبرز نوجوان نسل کو ملک اور فوج کے خلاف برین واش کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے لوگ عوام میں بہت بدنام ہوچکے ہیں، موجودہ حکومت تشدد، افراتفری اور انتشار کو جان بوجھ کر بڑھا رہی ہے، حکومت امن نہیں چاہتی۔
حاجی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے، چھوٹے صوبوں کا قیام مضبوط وفاق کی علامت ہوگا۔





