



6 کارروائیوں میں 46 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 20.16 کلوگرام منشیات برآمد، گرفتار ملزمان میں افغان شہری بھی شامل
اسلام آباد(آصف ملک)اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں میں افغان شہری سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 46 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 20.16 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے بیگ میں موجود کپڑوں میں جذب 2.83 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی کے دوران جدہ جانے والے مسافر کے بیگ میں موجود کپڑوں میں جذب 2.42 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
کراچی کے کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے لیپ ٹاپ بیگ میں چھپائی گئی 400 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
لاہور میں راوی ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران افغان شہری کے قبضے سے 5 ہاٹ پاٹس میں چھپائی گئی 6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ غازی گھاٹ ٹول پلازہ کے قریب ٹرک کی تلاشی کے دوران 5 کلوگرام آئس اور 1.11 کلوگرام ویڈ برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





