اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (آصف ملک) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 42.77 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے ایک مرد اور 3 خواتین کے بیگوں میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 19.66 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں سعودی عرب جانے والے ایک مرد اور خاتون کے سامان سے کپڑوں میں جذب 11.502 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

چارسدہ کے علاقے شب قدر کے قریب ایک رکشے سے 8.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مزید کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 580 گرام وزنی 108 آئس بھرے کیپسولز جبکہ ایک خاتون کے پیٹ سے 227 گرام وزنی 70 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 558 گرام وزنی 84 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں سعودی عرب بھیجے جانے والے ایک پارسل سے بکرم شیٹ میں جذب 650 گرام آئس برآمد کی گئی۔

علاوہ ازیں سیالکوٹ کے کارگو شیڈ میں ایک اسپیکر کے اندر مہارت سے چھپائی گئی 1.2 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی جبکہ اس سلسلے میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔