سینیٹر ناصر محمود بٹ کی صدارت، خواجہ سعد رفیق کی خصوصی شرکت، انتخابی مہم تیز کرنے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کے لیے رتہ امرال میں واقع حاجی ہاؤس میں الیکشن کمیٹی کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کی جبکہ پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور سے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں حلقہ ویلی فور کے امیدوار یاسین لون سمیت مسلم لیگ (ن) کی مقامی و مرکزی قیادت اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر انتخابی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ناصر محمود بٹ اور خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، تعمیر و ترقی اور فلاحی منصوبوں کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جن سے عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے اظہار امید کیا کہ عوامی خدمت کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ امیدوار یاسین لون اور دیگر رہنماؤں نے یقین دلایا کہ انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور کارکن گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچا رہے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر انتخابی مہم مزید تیز کرنے، ووٹرز سے رابطے بڑھانے اور تنظیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔





