میونسپل کمیٹی بدین کا 50 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد کا سرپلس بجٹ منظور، شہر کے لیے خصوصی ترقیاتی فنڈ فوری جاری کرنے کا مطالبہ .
بدین (نامہ نگار) چئیرمین میونسپل کمیٹی بدین پیر محمد صالح قریشی کی زیرصدارت ہونے والے بجٹ اجلاس میں مالی سال 2026-27ء کا 50 کروڑ 98 لاکھ 85 ہزار 824 روپے کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا گیا ، جس میں 10 لاکھ 70 ہزار 416 روپے کی سرپلس رقم ظاہر کی گئی ہے۔ بجٹ کے مطابق مجموعی اخراجات 50 کروڑ 88 لاکھ 15 ہزار 408 روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ اجلاس میں شہر کی امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور شہری سہولیات سے متعلق متعدد اہم قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی پیر محمد صالح قریشی نے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے او زیڈ ٹی کی مد میں میونسپل کمیٹی کو سالانہ 5 کروڑ 54 لاکھ 88 ہزار 720 روپے فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں اور ملازمین کی تنخواہوں کے لیے ہر ماہ 3 کروڑ 30 لاکھ 29 ہزار روپے جاری کیے جاتے ہیں، جو سالانہ تقریباً 39 کروڑ 63 لاکھ 48 ہزار روپے بنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے دوران ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 29 کروڑ 71 لاکھ 35 ہزار 408 روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ میونسپل کمیٹی کے 14 وارڈز کے کونسلرز کے ترقیاتی فنڈ کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شہری فلاح و بہبود اور عوامی سہولت کے مختلف منصوبوں کے لیے بھی بجٹ میں رقم رکھی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران وائس چیئرمین اکبر میمن نے بدین میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور جرائم کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بدین پولیس کی کارکردگی کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیر محمد صالح قریشی نے ایک اور اہم قرارداد پیش کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ گزشتہ تین برسوں سے میونسپل کمیٹی بدین کو کوئی خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم نہیں کیا گیا، حالانکہ اگست 2023ء میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ایک ارب 98 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی فنڈ کی منظوری دی گئی تھی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مذکورہ فنڈ فوری طور پر جاری کیا جائے تاکہ شہر میں واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینیج کے ادھورے منصوبے مکمل کیے جا سکیں اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں شہر کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا۔ وائس چیئرمین اکبر میمن کی تجویز پر بدین کے تاجروں کے تعاون سے شہر کے مختلف اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا اعلان کیا گیا۔ منصوبے کے تحت میونسپل کمیٹی 10 لاکھ روپے جبکہ تاجر برادری بھی 10 لاکھ روپے فراہم کرے گی، جبکہ اس منصوبے کے لیے پولیس سے بھی علیحدہ فنڈز حاصل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ بجٹ اجلاس سے کونسلرز رئیس عاشق گوپانگ، نور محمد ملاح، یعقوب سومرو، سلیمان سومرو ، جیوت رام، مدثر خاصخیلی، طارق ملاح ہاشمانی سمیت دیگر اراکین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے شہر میں پانی کی قلت کے مستقل حل، جدید ڈرینیج نظام، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی بہتری اور دیگر بنیادی شہری مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے .
فوٹو کیپشن .
بدین .
چئیرمین میونسپل کمیٹی بدین پیر محمد صالح قریشی کی زیرصدارت ہونے والے بجٹ اجلاس





