کینیڈا اور اقوامِ متحدہ کا ایف آئی اے کو خصوصی آلات کا عطیہ، انسانی اسمگلنگ کے خلاف صلاحیت مزید مضبوط

اسلام آباد(اظہار خان نیازی)

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے حکومتِ کینیڈا کے مالی تعاون سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خصوصی آلات فراہم کر دیے ہیں تاکہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکینِ وطن کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
آلات کی حوالگی کی تقریب میں پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور اور پاکستان میں یو این او ڈی سی کے نمائندہ ٹروئلز ویسٹر نے شرکت کی۔
ایف آئی اے کو فراہم کیے جانے والے آلات میں سفری دستاویزات کی جانچ کے لیے قابلِ حمل فرانزک کٹس، تجزیاتی ورک سٹیشنز، لیپ ٹاپ، ڈیٹا ذخیرہ کرنے کے نظام، نیٹ ورکنگ آلات اور دفتری سہولیات شامل ہیں۔ ان وسائل سے ادارے کی تفتیشی، تجزیاتی اور عملی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور انسانی اسمگلنگ و تارکینِ وطن کی غیر قانونی نقل و حمل کے پیچیدہ مقدمات کی مؤثر تحقیقات ممکن ہو سکیں گی۔
یہ معاونت کینیڈا کے مالی تعاون سے 2021ء سے جاری یو این او ڈی سی کے اُس پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے خلاف اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔ پروگرام کے تحت ایف آئی اے کو خصوصی تربیت، تکنیکی معاونت، متاثرین کے تحفظ کے منصوبوں، عوامی آگاہی مہمات، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عملی آلات کی فراہمی میں بھی مدد دی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا، یو این او ڈی سی اور ایف آئی اے کے نمائندوں نے انسانی اسمگلنگ اور تارکینِ وطن کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ کمزور اور استحصال کا شکار افراد کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور مجرمان کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے پاکستان کی استعداد کار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔