ترکی، اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے ڈی پورٹ 10 افراد کے خلاف مقدمات درج
چھ افراد ترکی سے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش پر ڈی پورٹ، دیگر پر غیر قانونی داخلے، اوور اسٹے اور بھیک مانگنے کے الزامات
اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے مختلف ممالک سے ڈی پورٹ ہو کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے 10 افراد کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمات درج کر لیے۔
ایف آئی اے کے مطابق 22 اگست 2026ء کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے والے افراد میں سے 6 کو ترکی سے ڈی پورٹ کیا گیا، جن پر یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کا الزام ہے، جبکہ اٹلی، کویت اور سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے دیگر افراد پر غیر قانونی داخلے، مقررہ مدت سے زائد قیام اور بھیک مانگنے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے تمام افراد کے پاسپورٹ، سفری دستاویزات اور موبائل فونز قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا کسی انسانی اسمگلر، ایجنٹ یا سہولت کار نے ان افراد کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں معاونت کی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں کسی ایجنٹ یا سہولت کار کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔





