راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام تاریخی اقدام ہے
وزیراعلیٰ پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں
ایم پی اے تحسین فواد
تفصیلات کے مطابق ممبر پنجاب اسمبلی محترمہ تحسین فواد نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کو عوام دوست، انسان دوست اور تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیدائشی طور پر دل کے امراض میں مبتلا بچوں اور مریضوں کے لیے مفت علاج اور دل کی سرجری کی سہولت فراہم کرنا ایک ایسا فلاحی منصوبہ ہے جو ہزاروں خاندانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوگا۔ تحسین فواد نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر سے پیدائشی طور پر دل کے مرض میں مبتلا مریض رجسٹرڈ سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں بلا معاوضہ علاج اور دل کی سرجری کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، جس سے بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صحت کے شعبے میں شروع کیے جانے والے انقلابی اقدامات عوام کی فلاح و بہبود کے عزم کا عملی مظہر ہیں۔





