اٹک (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اٹک و منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اٹک انیل سعید نے میونسپل کمیٹی اٹک میں شہر کی خوبصورتی، انسداد تجاوزات مہم، صفائی مہم اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق اہم امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب احمد خان، میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران، ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہر میں جاری صفائی مہم، انسداد تجاوزات آپریشن، سڑکوں، بازاروں، پارکوں، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی و خوبصورتی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے جاری منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف، خوبصورت، سرسبز اور تجاوزات سے پاک ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات مہم کو قانون کے مطابق بلاامتیاز جاری رکھا جائے تاکہ عوامی مقامات، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، گرین بیلٹس اور پارکوں کی مستقل دیکھ بھال، شاہراہوں کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، جاری مہمات کی مسلسل نگرانی کریں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔انیل سعید نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ شہر کو صاف، خوبصورت، منظم اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز میں کام کریں گے تاکہ شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور ڈپٹی کمشنر اٹک کی ہدایات کی روشنی میں صفائی، شہری خوبصورتی، شجرکاری، انسداد تجاوزات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے تمام اقدامات پوری تندہی اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے، تاکہ اٹک کو ایک صاف، سرسبز، خوبصورت اور مثالی ضلع بنایا جا سکے۔





