کمشنر راولپنڈی کا ضلع مری کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامات کا جائزہ

مری ( راجہ عثمان علی)کمشنر راولپنڈی ڈویژن جناب سلیمان غنی نے ضلع مری کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں ڈپٹی کمشنر مری جناب آغا ظہیر عباس شیرازی نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں، سیاحتی مقامات، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے اور ضلعی انتظامی امور کا جائزہ لیا۔کمشنر راولپنڈی نے جی ٹی روڈ مری کا معائنہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں، سڑک کی صورتحال، صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بریگنگ ایکسیئن ہائی وے جناب عدیل نے جاری منصوبوں کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔کمشنر راولپنڈی نے وائلڈ لائف پارک بانسرہ گلی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے جھیکا گلی میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مقام کا بھی دورہ کیا اور علاقے کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو متاثرہ مقام پر فوری بحالی کے کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
دورے کے اختتام پر کمشنر راولپنڈی نے ڈپٹی کمشنر آفس مری میں ضلع کے ’’ڈسٹرکٹ پروفائل‘‘ کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کی مجموعی کارکردگی، امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور 14 اگست کے انتظامات کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی کمشنر راولپنڈی سلیمان غنی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے، ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے جبکہ سرکاری امور میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔