مری میں ویپس اور فلیورڈ سگریٹ کے خلاف کریک ڈاؤن، بڑی تعداد میں ممنوعہ اشیاء برآمد

مری (راجہ عثمان علی) وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب CNF کی ہدایات پر نوجوان نسل کو منشیات، ویپس اور فلیورڈ سگریٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان سے محفوظ رکھنے کے لیے نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری کی جانب سے آگاہی مہم اور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا۔نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری کی ٹیم نے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا، جہاں اسکولوں کے پرنسپلز نے طلباء میں ویپس اور فلیورڈ سگریٹ کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اشیاء دکانوں پر آسانی سے دستیاب ہیں، جو نوجوانوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری نے مال روڈ اور کارٹ روڈ پر واقع مختلف دکانوں کا اچانک معائنہ کیا۔ چیکنگ کے دوران بڑی تعداد میں ویپس، فلیورز اور ممنوعہ سگریٹ برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے، جبکہ ملوث دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مری نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے PEERA حکام کو ہدایت کی کہ ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کی جائیں۔ نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری کے ترجمان کے مطابق نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی مہم اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔