ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیرِ صدارت تھانوں کی تعمیر و تزئین و آرائش سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیرِ صدارت تھانوں کی تعمیر و تزئین و آرائش سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد۔اسلام آباد پولیس کے تھانوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد کی سینئر افسران کو تمام منصوبے اعلیٰ معیار، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کے تھانوں کی تعمیر، تزئین وآرائش اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے متعلقہ افسران، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انجینئر علی ذوالقرنین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اسلام آباد پولیس کے مختلف تھانوں میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں، تزئین و آرائش کے کاموں اور دیگر انفراسٹرکچر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، درپیش مسائل اور ان کے بروقت حل کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد سینئر افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ تعمیراتی معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر، جدید اور سہولت سے آراستہ پولیس ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس اور سی ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو اور تمام کام بروقت مکمل کیے جاسکیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید سہولیات کی فراہمی اور تھانوں کے ماحول کو عوام دوست بنانا اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ شہریوں کو معیاری اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔