پروٹیکٹر آفس پشاور کے ڈائریکٹر گرفتار، ایک کروڑ سات لاکھ روپے برآمد، ایجنٹ مافیا کے خلاف ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد سے مبینہ بھتہ خوری، سسٹم انچارج بھی گرفتار، مزید اہم گرفتاریاں متوقع، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے

پشاور (خالد خان)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند شہریوں سے مبینہ بھتہ خوری اور ایجنٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پروٹیکٹر آفس پشاور کے ڈائریکٹر فرخ جمال کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ابتدائی طور پر 7 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ بعد ازاں اس کے گھر پر چھاپے کے دوران ایک کروڑ روپے نقد بھی برآمد کر لیے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور رانا شاہد حبیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات کے مطابق بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد سے مختلف ممالک کے ویزوں کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے جاتے تھے اور یہ مبینہ نیٹ ورک روزانہ تقریباً 15 لاکھ روپے غیرقانونی طور پر حاصل کر رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مبینہ کرپشن نیٹ ورک میں ڈائریکٹر کے علاوہ پروٹیکٹر آفس کا دیگر عملہ بھی شامل ہے، جبکہ بعض افراد کی وفاقی وزارت تک رسائی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق فرخ جمال گزشتہ چھ ماہ سے مذکورہ عہدے پر تعینات تھا۔

رانا شاہد حبیب نے مزید بتایا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ملزم کی نشاندہی پر سسٹم انچارج عمران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس میں مزید اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات کے مطابق کرپشن اور ایجنٹ مافیا میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند شہریوں کا استحصال روکا جا سکے اور نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔