ضلعی انتظامیہ تاجروں کی تذلیل سے گریز کرے، اجمل بلوچ

سی ڈی اے ڈی بارہ مرکز کو ماڈل مارکیٹ کا درجہ دے، محمد نعمان

ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈی بارہ مرکز کے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)
آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈی بارہ مرکز کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔حلف اٹھانے والوں میں صدر محمد نعمان، سینئر نائب صدر گل انداز عباسی، نائب صدر ملک مبشر نذیر، جنرل سیکرٹری عماد حیدر چیمہ، جوائنٹ سیکرٹری عون محمد چاچڑ، سیکرٹری مالیات انعام الحسن، رابطہ سیکرٹری اکرام سرگانہ، پریس سیکرٹری امتیاز احمد، سرپرستِ اعلیٰ شاہد ملک، چیئرمین نادر حسین درانی اور وائس چیئرمین منہاس خان شامل تھے۔ تقریب میں صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود، سابق صدر ظفر بختاوری، اعجاز عباسی، خالد چوہدری، زاہد رفیق و دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے نومنتخب عہدیداران کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آج کل تاجروں کو بلاوجہ پریشان کر رہی ہے۔ اسلام آباد میں تعینات پینتیس مجسٹریٹس نے مبینہ طور پر نجی ملازمین رکھے ہوئے ہیں، جو تاجروں پر جرمانے عائد کرتے ہیں لیکن انہیں باقاعدہ رسیدیں بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔اجمل بلوچ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجروں کے ساتھ اپنا رویہ فوری طور پر تبدیل کریں، تاجروں کی تذلیل اور ہراسانی کا سلسلہ بند کریں اور انہیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔نومنتخب صدر محمد نعمان اور جنرل سیکرٹری عماد حیدر چیمہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ سہیل اشرف سے مطالبہ کیا کہ وہ ازخود ڈی بارہ مرکز کا دورہ کرکے تاجروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی بارہ مرکز میں تاحال ضروری ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے۔ مارکیٹ میں پارکنگ، سڑکوں، پینے کے صاف پانی اور عوامی بیت الخلاء جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ تمام بنیادی سہولیات فراہم کرکے ڈی بارہ مرکز کو ماڈل مارکیٹ کا درجہ دیا جائے۔