راولپنڈی پولیس کی مؤثر پیروی رنگ لے آئی،منشیات فروش کو 9 سال قید کی سزا

راولپنڈی (صنوبر کیانی) راولپنڈی پولیس کی مؤثر تفتیش اور مقدمہ کی کامیاب پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائی کرنے والے مجرم کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

پولیس ترجمان کے مطابق مجرم ثاقب کو تھانہ گوجرخان پولیس نے ستمبر 2025 میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی تھی جس پر اس کے خلاف انسدادِ منشیات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ کی تفتیش کے دوران پولیس نے ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جبکہ تفتیشی اور لیگل ٹیموں نے عدالت میں مؤثر پیروی کو یقینی بنایا۔ شواہد اور گواہیوں کی بنیاد پر معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم ثاقب کو 9 سال قید بامشقت اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

مجرم کو قرار واقعی سزا ملنے پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن، تفتیشی افسران اور لیگل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش عناصر معاشرے کے لیے ناسور ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔