پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی ہے، ایاز صادق، محمد یحییٰ کی خدمات کو خراج تحسین
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے الوداعی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے محمد یحییٰ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی ہے، پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقوام متحدہ کی معاونت قابل قدر ہے، انسانی مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کا کردار ہمیشہ قابل تعریف رہا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مستحکم ہوگا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ویمن پارلیمنٹری کاکس اور صنفی مرکزی دھارے میں شمولیت کا مقصد خواتین کی پارلیمانی شرکت کو فروغ دینا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔
سردار ایاز صادق نے محمد یحییٰ کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محمد یحییٰ نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نیک خواہشات اور تعریفی کلمات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں حکومت اور عوام کی جانب سے عزت، احترام اور تعاون حاصل رہا، جسے وہ ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔





