ایف آئی اے اسلام آباد زون کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایات

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے عوامی مسائل سنے، شفاف اور بروقت انصاف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی(رپورٹ:اظہار خان نیازی)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کے زیر اہتمام عوامی رابطوں کو فروغ دینے اور شہریوں کے مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) راولپنڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں کو اپنی شکایات، مسائل اور درخواستیں براہِ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے شہریوں کی شکایات کو توجہ سے سنا اور ہر معاملے پر قانون کے مطابق فوری کارروائی اور ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایف آئی اے اسلام آباد زون شفافیت، جوابدہی اور عوام کو آسان، مؤثر اور بروقت خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دیتا رہے گا۔