محرم الحرام کے فول پروف سکیورٹی انتظامات، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا گوجر خان کا دورہ

راولپنڈی (صنوبر کیانی) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گوجر خان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن، اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان خضر ظہور گورائیہ، ایس ایچ او گوجرخان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ سید خالد محمود ہمدانی نے مرکزی امام بارگاہ امامیہ گوجرخان کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

بعد ازاں سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرخان کا دورہ کیا، جہاں سکیورٹی انتظامات، عوامی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ افسران نے متعلقہ عملے کو انتظامات مزید بہتر بنانے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے تھانہ گوجرخان کا بھی دورہ کیا اور پولیس افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ وہ مقدمات کی تفتیش میں میرٹ اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

سی پی او کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور امن و امان کے قیام، اتحاد و یگانگت کے فروغ اور شہریوں کو محفوظ و پرسکون ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شب و روز انتھک محنت کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی سینئر افسران خود کر رہے ہیں۔

سید خالد محمود ہمدانی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور سکیورٹی سے متعلق ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔