سابقہ رنجش پر ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے قتل کیا، مرکزی ملزم دو ہفتے تک روپوش رہا، ساتھی پہلے ہی گرفتار ہو چکا تھا
راولپنڈی(صنوبر کیانی) تھانہ گوجرخان پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ہفتے قبل سابقہ رنجش کی بنا پر ساتھی کے ہمراہ فائرنگ کرکے ایک شہری کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد گوجرخان پولیس نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں نامزد ملزم کے ساتھی کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایس پی صدر انعم شیر نے کہا کہ گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔





