راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
گوجرانوالہ بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر اقصیٰ شبیر کی آپسما وفد سے ملاقات،
نجی تعلیمی اداروں کو امتحانی نظام کا اہم اسٹیک ہولڈر قرار، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی نو تعینات چیئرپرسن انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر نے کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی لانے کے لیے نجی تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیمی بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سکولز نے بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور بلا شبہ نجی تعلیمی ادارے حکومتی نظامِ تعلیم کا تقریباً 60 فیصد بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (آپسما) گوجرانوالہ ڈویژن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بورڈ کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہیں، اسی لیے بورڈ جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس منعقد کرے گا تاکہ باہمی مشاورت سے امتحانی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور معیاری بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر اقصیٰ شبیر نے آپسما وفد کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ سے متعلق نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر آپسما کے وفد نے ڈاکٹر اقصیٰ شبیر کو چیئرپرسن گوجرانوالہ بورڈ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ ملاقات میں ڈاکٹر امان اللہ راٹھور (ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ)، ندیم چوہدری (کنٹرولر امتحانات)، اور راشد بھٹی (سیکرٹری بورڈ) بھی موجود تھے۔آپسما کے مرکزی نائب صدر محمد اعظم سعید ایڈووکیٹ اور ڈویژنل صدر ڈاکٹر مصطفیٰ ججہ نے چیئرپرسن کو خوش آمدید کہتے ہوئے تنظیم کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ آپسما ملک بھر میں معیاری تعلیم فراہم کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کی سب سے بڑی اور قدیم نمائندہ تنظیم ہے، جو حکومت کے ساتھ مل کر فروغِ تعلیم اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔وفد کی قیادت گوجرانوالہ ایسوسی ایشن کے سرپرست میاں شاہد سلیم، مرکزی تھنک ٹینک کے رکن محمد سلیم سپال، صدر آپسما ڈسکہ ڈاکٹر سرفراز، ضلعی صدر آپسما سیالکوٹ محمد محمود الحسنین ایڈووکیٹ اور ضلعی صدر گوجرانوالہ محمد غضنفر مغل نے کی۔اس موقع پر محمد محمود الحسنین ایڈووکیٹ نے بورڈ سے الحاق شدہ اداروں کے سربراہان کے ساتھ بہتر طرزِ عمل اور مناسب پروٹوکول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ نجی تعلیمی ادارے بورڈ کے اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں، اس لیے انہیں عام سائل کی طرح ٹریٹ کرنے کے بجائے عزت و احترام کے ساتھ سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔ انہوں نے گوجرانوالہ بورڈ کی الحاق (Affiliation) فیس کو دیگر بورڈز کے مقابلے میں زیادہ قرار دیتے ہوئے اس میں کمی کا مطالبہ بھی کیا۔
سرپرست آپسما میاں شاہد سلیم نے مطالبہ کیا کہ اداروں کے معائنے کے دوران معمولی نوعیت کی کمیوں کو جواز بنا کر غیر ضروری ری وزٹ کی پرانی روایت کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے سیکرٹری بورڈ راشد بھٹی کے مثبت تعاون کو سراہا۔انجینئر خرم سجاد نے بھی سیکرٹری بورڈ راشد بھٹی کی جانب سے اداروں کے دوروں کے دوران مثالی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وفد نے یہ تجاویز بھی پیش کیں کہ بورڈ کے انڈومنٹ فنڈ سے نجی الحاق شدہ اداروں کے لیے بھی گرانٹس مختص کی جائیں، نجی سکولوں میں قائم امتحانی مراکز کو مینٹیننس فنڈ فراہم کیا جائے، طالبات کے امتحانی مراکز ان کے علاقوں کے قریب قائم کیے جائیں، اور امتحانات سے قبل بائیومیٹرک مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔چیئرپرسن ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، کنٹرولر امتحانات ندیم چوہدری اور سیکرٹری بورڈ راشد بھٹی نے وفد کے تمام نکات کو غور سے سنا اور انہیں ہر ممکن تعاون اور مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں عاصم رشید (جنرل سیکرٹری آپسما ڈسکہ)،چوہدری شبیر گجر، ندیم جوئیہ، حافظ عاطف گورائیہ، عاطف محمود، اعجاز احمد سمیت گوجرانوالہ ڈویژن کے متعدد عہدیداران اور ممبران نے بھی شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





