چین پاکستان اقتصادی و تجارتی تعاون، سرمایہ کاری، سی پیک کے دوسرے مرحلے، ٹیکنالوجی منتقلی اور خصوصی اقتصادی زونز پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) چین کے اعلیٰ سطح وفد کا ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد، چینی وفد میں اقتصادی امور کے سینئر مشیر سن جون ینگ، انسٹی ٹیوٹ آف بیلٹ اینڈ روڈ اربن اینڈ ریجنل ڈویلپمنٹ ڈالیان یونیورسٹی کی ڈائریکٹر لیو لی، چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹریٹیجی کے ڈویژن آف بیلٹ اینڈ روڈ اسٹڈیز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیے لائی ہوئی اور اقتصادی امور پریس کے ڈپٹی ڈائریکٹر زو شو شامل تھے۔
چینی وفد کا پاکستان کا دورہ کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انتہائی اہم ہے، صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، پاکستان اور چین کی بزنس کمیونٹیز کے درمیان مسلسل رابطہ کاری اور براہ راست کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، اعلیٰ سطح وفود کے باہمی دورے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، سی پیک صرف ایک راہداری نہیں بلکہ پاکستان کو عالمی ویلیو چین کا حصہ بنانے کا اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ٹیکنالوجی منتقلی، خصوصی اقتصادی زونز اور زرعی شعبے میں تعاون پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، پاکستان اور چین کے درمیان مستقبل کے اہم منصوبوں میں ٹیکنالوجی پارکس کا قیام بھی شامل ہے، چین ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی طاقت ہے، پاکستان چینی ٹیکنالوجی اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرسکتا ہے، پاکستان اور چین کو ٹیکنالوجی، صنعت، زراعت اور جدید پیداواری شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا ہوگا، حکومتوں کے درمیان تعاون ضروری ہے تاہم پائیدار معاشی فوائد کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرسکتا ہے، پاکستانی اور چینی کاروباری برادری کے درمیان براہ راست روابط سے تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری کو نئی رفتار مل سکتی ہے، عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو عملی کاروباری تعاون میں تبدیل کرنے کیلئے نجی شعبے کے روابط ناگزیر ہیں۔
چینی وفد کے اراکین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہ راست رابطے دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ کیلئے انتہائی اہم ہیں، سی پیک نے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کیلئے نئی بنیادیں فراہم کی ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اشتراک کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے، چین پاکستان میں صنعتی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کیلئے کاروباری برادری سے براہ راست رابطہ ضروری ہے، خصوصی اقتصادی زونز پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کیلئے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوسکتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان علمی، پالیسی اور کاروباری حلقوں کے روابط معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں، چین پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔





