مری (راجہ عثمان علی)جناح ہال مری میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، سیکیورٹی انتظامات اور انتظامی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مری، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، بلدیات سمیت تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے شیعہ و سنی علماء کرام، انجمن تاجران، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے فول پروف سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی مؤثر روانی، صفائی ستھرائی، ہنگامی طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بین المسالک ہم آہنگی اور پرامن ماحول کے قیام پر خصوصی زور دیا گیاکمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور ضلع مری میں امن، برداشت اور مذہبی رواداری کی فضا کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ادارے اور طبقات متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔





