













*ملیہ پارک میں خصوصی اقدامات،پارک خوبصورت مناظر پیش کر رہا ہے*
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیرِ انتظام شہر کے مختلف پارکس اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور شجرکاری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ملیہ پارک کو بھی سرسبز و شاداب بنانے کے لیے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے باعث پارک خوبصورت اور دلکش مناظر پیش کر رہا ہے۔
پارک میں موجود سبزہ، خوبصورت پودے، موسمی پھول اور ہری بھری کیاریاں شہریوں کے لیے خوشگوار ماحول کا باعث بن رہی ہیں۔ ہارٹیکلچر عملہ پارک کی صفائی، پودوں کی نگہداشت، گھاس کی کٹائی، شاخ تراشی اور دیگر ضروری باغبانی امور باقاعدگی سے انجام دے رہا ہے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رنجھا نے کہا کہ شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوبصورت ماحول کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ پارکس اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے روزمرہ کی بنیاد پر صفائی اور باغبانی کے امور کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔ شہری بھی پارکس کی صفائی کا خیال رکھیں اور پودوں و سبزہ کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔





