داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)ضلع میانوالی میں تعلیمی معیار اور شاندار نتائج کے لیے اہم اجلاس
مورخہ 10 اگست 2026 کو جناب چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی میانوالی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری میانوالی، خالد محمود خان کی زیرِ صدارت ضلع میانوالی کے ہائی انرولمنٹ اسکولز کے سربراہان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آنے والے تعلیمی سیشن، حالیہ میٹرک نتائج اور مستقبل میں تعلیمی نتائج کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو اور مشاورت کی گئی۔ ہائی انرولمنٹ اسکولز کے حالیہ نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے اس امر پر غور کیا گیا کہ آئندہ سال ضلع میانوالی کو میٹرک کے نتائج اور نمایاں پوزیشنز کے حوالے سے مزید بہتر مقام کیسے دلایا جا سکتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے اسکول سربراہان کو ہدایت کی کہ طلبہ کی تعلیم، حاضری، ڈسپلن اور انفرادی کارکردگی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمزور طلبہ کی نشاندہی کرکے ان کے لیے خصوصی تعلیمی اقدامات کیے جائیں جبکہ ذہین اور ہونہار طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری خالد محمود خان نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ہیڈز اور اساتذہ باہمی تعاون، محنت اور مؤثر نگرانی کے ذریعے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور شاندار نتائج کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔مقصد صرف زیادہ انرولمنٹ نہیں، بلکہ معیاری تعلیم، بہترین تدریس اور شاندار نتائج ہے۔ان شاء اللہ، مشترکہ کاوشوں، مؤثر حکمتِ عملی اور مسلسل محنت کے ذریعے ضلع میانوالی کو تعلیمی نتائج کے میدان میں مزید نمایاں مقام دلایا جائے گا۔





