داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میانوالی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا۔اجلاس کی صدارت ایم پی اے علی حیدر نور خان نیازی نے کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا، ممبران ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی سابق ایم پی اے امانت اللہ خان شادی خیل، سابق ایم پی اے ملک محمد فیروز جوئیہ، ایس پی انوسٹی گیشن مہر ریاض ناز، اے ڈی سی آر محمد شاہد کھوکھر، اے ڈی میونسپل سروسز ماجد بن احمد کے علاؤہ مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، سڑکیں بحال پنجاب خوشال پروگرام،موضع محمد شریف والی میں دریائی کٹاؤ کے تدارک کے اقدامات، صحت کی سہولیات،جشن آزادی کے پروگرامزکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے ایم پی اے علی حیدر نور خان نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا میگا فلاحی ترقیاتی منصوبہ ہے جس سے شہر کے سیوریج اور سینی ٹیشن سے متعلق مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوں گے۔انھوں نے متعلقہ افسران کو اس بڑے ترقیاتی منصوبہ اور سڑکیں بحال پروگرام پر کام کی رفتار کو سپیڈ اپ کرنے اور تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹریل استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ ممبران ڈی سی سی نے پولیس حکام کو منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مزید موئثر قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے ترقیاتی منصوبوں، مریم نواز میڈیکل کالج، ستھرا پنجاب پروگرام،جشنِ آزادی کے پروگراموں،محمد شریف والی پر دریائی کٹاؤ کی روک تھام کی پیش رفت جبکہ ایس پی انوسٹی گیشن مہر ریاض ناز نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں پر بریفنگ دی۔





