مری زیرِ تربیت افسران کے اعزاز میں تعارفی و تربیتی پروگرام کا انعقاد

مری (راجہ عثمان علی)ڈپٹی کمشنر مری کی زیرِ صدارت زیرِ تربیت افسران کے اعزاز میں ایک اہم تعارفی و تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں ضلع مری کے انتظامی ڈھانچے، گورننس نظام اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر مری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربیتی مدت کے دوران افسران کو ضلعی انتظامیہ کے عملی امور، عوامی خدمت کی فراہمی اور گورننس کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کریں۔پروگرام کے دوران تعمیری اور باہمی تبادلہ خیال بھی ہوا، جس میں زیرِ تربیت افسران نے مختلف انتظامی امور سے متعلق سوالات کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے اور انہیں انتظامی امور سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔زیرِ تربیت افسران نے مری میں اپنے قیام کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کی صفائی، قدرتی حسن، منظم ماحول اور بہترین انتظامات کو سراہا۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب دعا اور نیک تمناؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جبکہ زیرِ تربیت افسران کے روشن اور کامیاب پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔