ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نور خان ائیر بیس پر پرتپاک استقبال، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نور خان ائیر بیس پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا، جبکہ پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
استقبال کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وہ اپنے "بھائی” اسکندر مومنی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران دونوں ممالک کے لیے مثبت پیش رفت کی خوشخبری لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور علاقائی صورتحال میں بھی مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہا کہ اپنے بھائی سے دوبارہ ملاقات پر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں اور وہ پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کے ہمیشہ معترف رہے ہیں۔
محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ، مشترکہ مفادات کے تحفظ اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، ایران کے نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر برائے اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، سکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔