ایران۔امریکہ امن معاہدہ خطے میں استحکام کی جانب اہم پیش رفت ہے،سردار ایاز صادق

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، پاک۔ایران تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک۔ایران تعلقات، پارلیمانی روابط، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور امن و استحکام سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے حوالے سے ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن، استحکام، باہمی اعتماد اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور اہم قدم ہے۔ انہوں نے اظہار امید کیا کہ فریقین مستقبل میں بھی مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے اختلافات کے حل کو ترجیح دیں گے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی کشیدگی میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر امن، سلامتی اور اقتصادی استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے حصول میں پاکستان کی حکومت، پارلیمان، سیاسی، سفارتی اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام پاکستان کے تعاون، خیرسگالی اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ایرانی سفیر نے پاکستان کی سیاسی، پارلیمانی، سفارتی اور عسکری قیادت کو کامیاب سفارتکاری پر مبارکباد بھی پیش کی۔

بعد ازاں ایرانی سفیر نے اپنے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی اور ایوان میں ایران۔امریکہ امن معاہدے سے متعلق اظہار خیال اور خیرمقدمی بیانات کو سراہا۔