شہریوں کے تحفظ و مسائل کے فوری حل کیلئے آئی جی اسلام آباد متحرک۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کھلی کچہری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)شہریوں کے تحفظ و مسائل کے فوری حل کیلئے آئی جی اسلام آباد متحرک۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی شکایات براہ راست سن کر ان کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کھلی کچہری میں شہریوں سے براہ راست ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور ان کے فوری اور موثر حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے،کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے متعلق مختلف نوعیت کے مسائل اوردرخواستیں پیش کیں،آئی جی اسلام آباد نے ہر درخواست گزار کی بات سنی اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام شکایات کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری ازالہ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو پولیس تک براہ راست رسائی فراہم کرنا، ان کے مسائل کو بغیر کسی تاخیر کے سننا اور ان کے حل کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی پولیس کی اصل طاقت ہے اور اس اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،انہوں نے تمام سینئر افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے، ان کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور کسی بھی معاملے میں تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،جبکہ اسلام آباد پولیس عوام دوست پولیسنگ کے فروغ، شفاف احتساب اور بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے،شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے بروقت حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں اور کسی بھی شکایت، جرم یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار-15 پر دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔