اسلام آباد(کرائم رپورٹر)محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس متحرک، تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی آئی جی سید علی ناصر رضوی خود نگرانی کریں گے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکاما ت کی روشنی میںاسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جامع اور موثر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے، محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ امن و امان کے قیام کو اولین ترجیح دی جائے گی،اسی کے ساتھ ساتھ محرم الحرام کے دوران تمام سکیورٹی انتظامات کی نگرانی آئی جی اسلام آباد نے خود کریں گے تاکہ سکیورٹی پلان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے، اس سلسلے میں سیف سٹی اسلام آباد میں ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، امام بارگاہوں کے داخلی و خارجی راستوں پر موثر چیکنگ کے انتظامات، مناسب پارکنگ، بہتر روشنی اور سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ امام بارگاہوں سے ملحقہ علاقوں میں گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام ممکن ہو سکے، آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب تمام وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے، تمام سینئر افسران، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود رہیں گے اور امام بارگاہوں، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ حساس مقامات پر نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے جبکہ سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور موثر کوآرڈینیشن برقرار رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے، انہوں نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و جوان پوری مستعدی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔





