جماعت اسلامی ضلع میانوالی کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جہاز چوک پر مہنگائی اور پٹرولیم لیوی و دیگر ناجائز ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی دھرنا

داؤدخیل(ضیاءنیازی سے)جماعت اسلامی ضلع میانوالی کے زیر اہتمام امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر جہاز چوک پر مہنگائی اور پٹرولیم لیوی و دیگر ناجائز ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی دھرنا،مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر پہنچ گئی ہیں،پٹرول لیوی اور کلائمنٹ لیوی سمیت کئی ٹیکس بلاجواز لگائے گئے ہیں انہیں ختم کئے جائیں.اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ شمالی پنجاب یاسر علی گجر نے دھرنے میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پورے پاکستان دھرنے ہیں، شاہراہ فیصل، جی ٹی روڈ،سوات موٹروے، اسلام آباد، سری نگر روڈ سمیت کئی شاہراہوں پر جماعت اسلامی کے کارکنان بیٹھے ہیں رانا ثناء اللہ کو ہم نے جواب دے دیا ہے،انہوں نے کہا کہ جس طرح آئی پی پیز کے حوالے سے حکمران کہتے تھے ہم ان سے بات نہیں کریں گے اور آخر بات کرنی پڑی اسی طرح پٹرولیم لیوی پر بھی حکمرانوں کو پیچھے ہٹنا پڑے گا. دھرنے سے امیر جماعت اسلامی ضلع میانوالی حافظ جاوید اقبال ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جہاز چوک پر بیٹھے ہیں، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے ہم چاہتے تو جہاز چوک پر تمام روڈ بند کرسکتے تھے لیکن ہمارا مقصد احتجاج کرکے اپنی آواز حکمرانوں تک پہنچانا ہے ملک بھر میں اور خاص طور پر ضلع میانوالی میں ماحول ایسا بنایا گیا ہے کہ جو بھی اپنے حق کے لیے آواز بلند کرے اسے دہشت گرد قرار دے دیتے ہیں معلوم نہیں دہشت گردی کی یہ تعریف فیصلہ سازوں کو کس نے سکھائی ہے لیکن وہ وقت دور نہیں ہے جب ان فیصلہ سازوں اور خود کو عقل کل سمجھنے والوں کو ملک میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ضلع میانوالی کے عوام غیرت مند اور جرات مند ہیں جماعت اسلامی ایک پرامن سیاسی و دینی جماعت ہے تصادم لاشوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے.دھرنا رات 9 بجے تک جاری رہا اور 9 بجے پرامن طور پر ختم کردیا گیا. دھرنے سے نائب امیر ضلع عبدالجبار خان،معروف تاجر رہنما حاجی فلک شیر عوامی،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی جے یو پی حاجی خالد مسعود خان،کسان رہنما حافظ حبیب اللہ خان باہی، صدر کسان بورڈ ضلع میانوالی مشتاق احمد قریشی،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ضلع میانوالی عبدالحسیب خان،نائب امیر ضلع محمد اسلم خان،صدر جماعت اسلامی یوتھ ونگ مرید عباس خان و دیگر نے بھی خطاب کیا.