وکلا نے جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

قومی اسمبلی میں قانون سازی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل قائم کر دی گئی، حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وکلا برادری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے فروغ اور جمہوریت کے استحکام کے لیے فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قانون سازی کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے میرٹ کی بنیاد پر ماہرین پر مشتمل لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل قائم کی گئی ہے۔
وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وکلا برادری کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں درپیش مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔ وکلا کی پیشہ ورانہ ترقی، فلاح و بہبود اور دیگر متعلقہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ وکلا نے جمہوری اداروں کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ اور وکلا برادری کے درمیان مزید قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قانون سازی کا عمل مزید مضبوط اور مؤثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل قانون سازی کے عمل کو بہتر اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے ذریعے اعلیٰ معیار کی قانون سازی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حیدرآباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے پارلیمانی اداروں کے استحکام اور وکلا برادری کے ساتھ مؤثر روابط کے فروغ کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو یقین دلایا کہ ملاقات کے دوران اٹھائے گئے تمام مسائل اور تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ان کے مناسب حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وفد میں قائم مقام صدر ریحانہ گجر، جنرل سیکریٹری سید شہزاد علی شاہ، فنانس سیکریٹری جاوید علی بریرو، جوائنٹ سیکریٹری آصف علی ابڑو، لائبریری سیکریٹری فیضان احمد میمن، مینیجنگ کمیٹی کے اراکین امام بخش درس اور قادر بخش گرانو، جبکہ کوآرڈینیٹر سہیل احمد میمن شامل تھے۔