نوجوان نسل کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، انجینیئر قمرالاسلام راجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر): چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور رکنِ قومی اسمبلی انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ موجودہ جدید دور میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرکے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنے حلقے سے مبارکباد دینے کے لیے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے، وہ اسے بھرپور محنت، دیانت اور لگن کے ساتھ ہر صورت پایۂ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں اور ملک معاشی طور پر مزید مضبوط ہو۔

اس موقع پر انجینیئر قمرالاسلام راجہ کو مبارکباد دینے والوں میں پمز نان گزٹیڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک طاہر محمود اعوان، پمز ریٹائرڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود چوہان، جنرل سیکرٹری حاجی محمد حنیف، پریس سیکرٹری ملک تنویر نوشاہی، جبکہ کلر سیداں، روات، چک بیلی خان اور باہیا شریف سمیت مختلف علاقوں کے معززین بھی شامل تھے۔

وفود نے انجینیئر قمرالاسلام راجہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر انجینیئر قمرالاسلام راجہ نے تمام معزز مہمانوں کی آمد اور نیک تمناؤں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نوجوانوں کی فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔