علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے محسن نقوی اور طلال چوہدری کی ملاقات، محرم انتظامات پر تبادلۂ خیال
قائد حزب اختلاف نے عزاداروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی، وزیر داخلہ کی فوری حل کی یقین دہانی؛ ایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، محرم الحرام کے انتظامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے مثبت کردار اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے حکومت کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران بالخصوص پنجاب میں عزاداروں کو درپیش مسائل اور انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے فوری اور مؤثر حل کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو درپیش مسائل کے حل اور بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں گے۔





