ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابانِ سرسید کے زیرِ اہتمام محفلِ ذکر و درسِ قرآن، علامہ سید ریاض حسین شاہ کا قرآن و سنت سے وابستگی پر زور

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابانِ سرسید کے زیرِ اہتمام محفلِ ذکر و درسِ قرآن، علامہ سید ریاض حسین شاہ کا قرآن و سنت سے وابستگی پر زور

علامہ سید ریاض حسین شاہ سرپرست اعلیٰ ادارہ تعلیمات اسلامیہ پاکستان نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں اور معاشرے میں دینی اقدار کے فروغ، نوجوان نسل کی اخلاقی و روحانی تربیت اور قرآن و سنت سے مضبوط وابستگی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔

ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابانِ سرسید کے زیرِ اہتمام ماہانہ محفلِ ذکر و درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اہلِ علاقہ سمیت مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض معروف دینی شخصیت حافظ شیخ محمد قاسم نے انجام دیے۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ تعلیمات اسلامیہ خیابانِ سرسید کے سرپرستِ اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے قرآنِ مجید کی تعلیمات، ذکرِ الٰہی کی اہمیت اور سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں انفرادی و اجتماعی اصلاح کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت میں حقیقی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذکرِ الٰہی دلوں کے اطمینان، ایمان کی تازگی اور روحانی بالیدگی کا بہترین ذریعہ ہے۔محفل کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی اور مرحومین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس روحانی و علمی نشست کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے اس کے باقاعدہ انعقاد کو معاشرے کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے اہم قرار دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔